گورنر ہاؤس کی تقریب میں نفرت انگیز گفتگو، شرجیل میمن کی شدید مذمت

کراچی: (جانوڈاٹ پی کے) سینئر صوبائی وزیرشرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران نفرت انگیز باتیں کی گئیں، جس کی وہ شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ بعض عناصر تعصب کی بنیاد پر سیاست کر رہے ہیں۔ ان کے خطاب کے دوران متحدہ قومی موومنٹ کے ارکانِ اسمبلی نے شدید احتجاج، شور شرابا اور نعرے بازی شروع کر دی۔
شرجیل میمن نے واضح کیا کہ انہوں نے تاحال گورنر کا نام نہیں لیا بلکہ صرف یہ کہا کہ گورنر ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں نفرت انگیز گفتگو کی گئی۔ تاہم اس کے باوجود ایم کیو ایم ارکان نے احتجاج جاری رکھا۔
صورتحال کشیدہ ہونے پر اسپیکر سندھ اسمبلی نے اجلاس غیر معینہ مدت (آج تک) کے لیے ملتوی کر دیا۔
سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد صوبائی سیاست میں کشیدگی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔



