شرجیل میمن کے احکامات پر فوری کارروائی، لاڑکانہ شہر سے غیر قانونی بس اسٹینڈز اور بکنگ پوائنٹس شہر کے باہر منتقل

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کے احکامات پر لاڑکانہ شہر سے غیر قانونی بس اسٹینڈز اور بکنگ پوائنٹس کو فوری طور پر ہٹا کر شہر کے باہر منتقل کر دیا گیا۔ یہ اقدام سندھ اسمبلی میں لاڑکانہ کے مسائل کی نشاندہی کے بعد فوری کارروائی کے طور پر کیا گیا۔
سینئر وزیر نے معاملے کی سنگینی کو نوٹس میں لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ ضلع انتظامیہ اور ڈی آر ٹی اے نے شہر کے اندر قائم غیر قانونی اسٹینڈز اور بکنگ پوائنٹس کو ہٹا کر مناسب مقامات پر منتقل کر دیا۔ اس دوران پانچ بڑی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے غیر قانونی اسٹینڈز بھی سیل کیے گئے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ نے اس بات کو یقینی بنایا کہ شہر کے اندر کوئی گاڑی غیر قانونی طور پر نہ چلے اور عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیر کے احکامات کے تحت ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ نے نگرانی جاری رکھی ہے تاکہ کوئی بھی بس یا کوچ شہر کے اندر غیر قانونی داخل نہ ہو۔ محکمہ ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ حکام کی جانب سے خصوصی چیکنگ اور نگرانی کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ مستقبل میں غیر قانونی اسٹینڈز کے دوبارہ قیام کو روکا جا سکے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف ٹریفک کے مسائل حل کرنے بلکہ شہر میں شہری سہولت اور محفوظ پبلک ٹرانسپورٹ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔



