سندھ میں ٹرانسپورٹ سسٹم مکمل کمپیوٹرائز، بغیر فٹنس کوئی گاڑی سڑک پر نہیں چلے گی، شرجیل میمن

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے واضح کیا ہے کہ بغیر کمپیوٹرائزڈ فٹنس سرٹیفکیٹ کے اب کوئی بھی گاڑی سڑک پر چلنے کی اجازت نہیں رکھتی۔
ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں موٹر گاڑیوں کے پورے نظام کو مکمل طور پر کمپیوٹرائز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد غیر معیاری اور فٹنس سے محروم گاڑیوں کا خاتمہ کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کو ایمبولینسز کے سائرن اور لائٹس کے استعمال سے متعلق واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں، سائرن صرف مریض کو اٹھانے اور اسپتال منتقل کرنے کے دوران ہی استعمال کیا جائے گا، غیر ضروری استعمال کی اجازت نہیں ہو گی۔
سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے نئی بسوں کی خریداری کا عمل جاری ہے، کچھ بسیں اس وقت پورٹ پر موجود ہیں جبکہ حکومت سندھ نے مزید 500 بسوں کی خریداری کی منظوری بھی دے دی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عوام کو محفوظ، آرام دہ اور جدید ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنا حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔



