سیاسی اختلاف اپنی جگہ گھر آئے مہمان کو ویلکم کریں گے، شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ گھر آئے مہمان کو ویلکم کریں گے۔ کسی بھی صوبے کے وزیراعلیٰ پاکستان کے وزیراعلیٰ ہوتے ہیں، سندھ مہمان نوازوں کی دھرتی ہے، اور حکومت سندھ قانون و آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے تمام مہمانوں کو مکمل سکیورٹی اور سہولیات فراہم کرے گی۔
شرجیل میمن گزشتہ روز کراچی پریس کلب پہنچے، جہاں کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، جنرل سیکرٹری اسلم خان اور باڈی کے دیگر ارکان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
سینئر وزیر نے کراچی پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران سے ملاقات کی اور انہیں کامیابی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر پریس کلب کے عہدیداران نے سینئر وزیر کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور صحافی برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
شرجیل انعام میمن نے صحافیوں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ نے ہر شعبے میں تاریخی اقدامات کیے ہیں، خاص طور پر صحت کے شعبے میں انقلابی کام ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے اسپتالوں میں شناختی کارڈ یا ڈومیسائل کی بنیاد پر علاج نہیں کیا جاتا اور لاکھوں روپے مالیت کا علاج بالکل مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافت میں جدت آ رہی ہے اور یہ اب صرف پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا تک محدود نہیں رہی، حکومت چاہتی ہے کہ صحافت کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ صحافی برادری کے ساتھ ہمیشہ تعاون کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔
سینئر وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور صحافی برادری نے ہمیشہ جمہوریت کی جدوجہد میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، اور حکومت چاہتی ہے کہ صحافیوں کے آج اور مستقبل کے لیے مل کر کام کیا جائے تاکہ ان کا محفوظ مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ صحافیوں کے لیے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی اسی طرز کی کوششیں کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادی اظہار رائے کے لیے جدوجہد کی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کسی بھی صوبے کے وزیراعلیٰ پاکستان کے وزیراعلیٰ ہوتے ہیں، سندھ مہمان نوازوں کی دھرتی ہے، اور حکومت سندھ قانون و آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے تمام مہمانوں کو مکمل سکیورٹی اور سہولیات فراہم کرے گی۔



