عوام کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح، فاروق ستار مسکین آدمی ہے، شرجیل انعام میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے میں دن رات کام جاری ہے اور منصوبے کے چیلنجز کے باوجود عوام کے لیے سہولتیں فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہری روزانہ اس سڑک کو استعمال کرتے ہیں اور یہ منصوبہ آنے والی نسلوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کام میں تاخیر بد نیتی کی وجہ سے نہیں بلکہ موجودہ چیلنجز کی وجہ سے ہوئی۔ عید سے پہلے سائیڈ کی سڑکیں مکمل کر لی جائیں گی، پیپلز چورنگی اور یونیورسٹی روڈ کے علاقے کو بہتر بنایا جائے گا، جبکہ شاہراہِ بھٹو عوام کے لیے سب سے بڑی سہولت ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں بڑے پیمانے پر انتظامیہ کام کر رہی ہے اور میئر بھی دن رات مصروف ہیں۔ اندرونی سڑکوں کی مرمت بھی جاری ہے۔ ہر منصوبے کی لاگت مہنگائی کے تناسب سے بڑھی ہے، اور نئی بسیں کسٹم میں روکی گئی ہیں، جس پر سندھ اور پنجاب میں کسٹم ڈیوٹی کے فرق پر شکایت ہے۔

سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کا معاملہ ان کے رویوں اور طرز عمل پر منحصر ہے اور رمضان کے مقدس مہینے میں وہ ان کی صحت اور تندرستی کے لیے دعاگو ہیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے بعض سپورٹرز کی بدتمیزی کی بھی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، لیکن گالم گلوچ شرمناک عمل ہے۔ گورنر ہاؤس کے تقدس اور وفاق و صوبے کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کا چند سالہ سیاسی کیریئر کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، وہ ایک مسکین آدمی ہیں،خالد مقبول صدیقی اور مصطفیٰ کمال انہیں قبول کرنے کے لیے تیار نہیں تھے۔

شرجیل میمن نے زور دیا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا پر تنقید کرے، مگر اخلاق سے گری ہوئی باتیں نہ کی جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button