بھارت جھوٹی فلموں سے پاکستان کو بدنام کر رہا ہے، مگر ٹیلنٹ ہم سے بہتر نہیں، شرجیل میمن

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کراچی فلم اسکول کورنگی کاز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ کی تیار کردہ فلموں کی اسکریننگ میں شرکت کی اور نوجوان فلم سازوں سے تفصیلی گفتگو کی۔

فلم سازی سے وابستہ طلبہ و طالبات نے اپنے مختلف پروجیکٹس کے حوالے سے سینئر وزیر کو بریفنگ دی اور اپنے خیالات و تخلیقی سوچ سے آگاہ کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وہ کراچی فلم اسکول میں دوسری مرتبہ آئے ہیں اور یہ پاکستان کا واحد ادارہ ہے جو فلم سازی میں ایک سالہ ڈپلومہ فراہم کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ادارے کا مقصد نوجوانوں کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ فلم اور ڈرامہ کے ذریعے مثبت پیغام دنیا تک پہنچا سکیں اور اپنا کیریئر بنا سکیں۔

سینئر وزیر نے کہا کہ بھارت جھوٹی فلموں کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کی منظم کوشش کر رہا ہے، تاہم معرکۂ حق میں پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دی جس کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف سو سے زائد فلمیں بنا ڈالیں۔

انہوں نے ملک میں سینما انڈسٹری کے زوال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ہر شہر میں سینما ہوتے تھے، مگر اب سینما ختم ہو کر پلازہ بن چکے ہیں، لوگوں کو انٹرٹینمنٹ چاہیے مگر معیاری مواد کی شدید کمی ہے۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری کو طویل عرصے تک نظرانداز کیا گیا، تاہم سندھ حکومت نوجوان نسل کے تیار کردہ معیاری مواد کی بھرپور سرپرستی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ فلم فیسٹیولز میں اچھے اسکرپٹ کی صورت میں سندھ حکومت اخراجات برداشت کرے گی۔

انہوں نے حکومت سندھ کی فلم "میرا لیاری” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس فلم میں لیاری کے اصل چہرے کو اجاگر کیا گیا ہے، جبکہ فلم کی ریلیز کا فیصلہ متعلقہ بورڈ کرے گا۔

سینئر وزیر نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کا بھرپور مقابلہ کیا، اس کے باوجود پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر پروپیگنڈا کیا گیا، مگر پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے اور یہاں سیاحت کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فلموں کے ذریعے ملک کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے لایا جا سکتا ہے اور کراچی فلم اسکول کے طلبہ کی فیس میں 50 فیصد کمی کے لیے حکومت سے بات کریں گے۔ انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ادارے کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کراچی فلم اسکول کے طلبہ بھی مستقبل میں عالمی اعزازات حاصل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھارت کے مقابلے میں کہیں زیادہ باصلاحیت ٹیلنٹ موجود ہے اور پاکستانی ڈرامے اور چینلز بھارت میں بھی مقبول ہیں، ہمیں ایسا معیاری مواد تیار کرنا چاہیے کہ پڑوسی ملک بھی اسے دیکھنے پر مجبور ہو جائے۔

مزید خبریں

Back to top button