وزیراعظم کا ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ،خطے میں امن کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری پر زور

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پرگفتگو کی اور ایران کے صدر اور برادر ایرانی عوام کو عیدالفطر اور نوروز کی مبارک باد دی۔
ایرانی صدر نے وزیراعظم کے جذبات کا پرتپاک جواب دیا اورپاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔
وزیراعظم نے جاری کشیدگی کے تناظر میں بہادر ایرانی عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرےدکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں ومتاثرین کی جلد صحتیابی اور سلامتی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم نے خلیجی خطے میں جاری خطرناک صورتحال پرگہری تشویش کا اظہار کیا اور کشیدگی میں کمی اور مذاکرات اور سفارتکاری کی فوری ضرورت پر زور دیا اور امت مسلمہ کے درمیان اتحادویکجہتی کی اہمیت پربھی زور دیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی قیادت کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان خطےمیں امن کےفروغ کے لیے تعمیری کردار جاری رکھےگا۔



