وزیراعظم شہباز شریف کا آبی قلت، اصلاحات اور بھارتی اقدامات پر اظہارِ تشویش

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ آب کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کو آبی قلت کے سنگین چیلنج کا سامنا ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلی اور گلیشیئر نظام میں ردوبدل نے پانی کی کمی کے خطرات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صاف پانی تک رسائی بنیادی انسانی حق ہے اور آبی وسائل کے انتظام اور فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی نمائندگی کو یقینی بنانا نہایت اہم ہے، حکومت قومی آبی پالیسی کے تحت متعدد اصلاحاتی اقدامات کر رہی ہے اور مستقبل کے لیے پانی کے وسائل کو محفوظ بنایا جا رہا ہے، جبکہ ذخیرہ آب میں اضافے کے لیے 18 چھوٹے، درمیانے اور بڑے ڈیمز پر کام جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مؤثر نہری نظام کے ذریعے پانی کے ضیاع میں 33 فیصد کمی اور استعمال میں 30 فیصد اضافے کی کوشش کی جا رہی ہے، ارسا آبی نظام میں شفافیت کے لیے ٹیلی میٹری سسٹم نصب کر رہا ہے، جس سے دریاؤں کے بہاؤ کی بروقت نگرانی اور بین الصوبائی پانی کی تقسیم کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی قسم کی آبی جارحیت کی سخت مذمت کرتا ہے۔



