سماجی انصاف، تعلیم اور بین المذاہب ہم آہنگی ہی پائیدار امن کی بنیاد ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سماجی انصاف، معاشی شمولیت اور بین المذاہب ہم آہنگی ہی پائیدار امن کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے یہ بات تشدد پر مبنی انتہا پسندی کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی اور کہا کہ انتہاپسندی اور تشدد کے نظریات انسانیت، برداشت اور رواداری کے اقدار کو کمزور کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی قربانیاں ہمارے غیر متزلزل عزم کی روشن مثال ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام اعتدال، مکالمے اور انسانی جان کے احترام کا درس دیتا ہے، اور نوجوان نسل کو معیاری تعلیم اور مثبت سوچ فراہم کر کے انتہاپسندانہ نظریات سے محفوظ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عالمی ناانصافیاں، طویل تنازعات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں انتہاپسندی کو جنم دیتی ہیں، جبکہ کشمیر اور فلسطین میں معصوم شہریوں پر ریاستی جبر بھی انتہا پسندانہ رویے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی امن اور منصفانہ نظام کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

مزید خبریں

Back to top button