وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کے 2 روزہ دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے
پاکستان اورملائیشیا کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے

کوالالمپور(jano.pk)وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی دعوت پر سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے۔وزیراعظم کا استقبال ملائیشیا کے وزیراطلاعات نے کیا اور اس موقع پر ملائیشیا میں پاکستانی ہائی کمشنراحسن رضا شاہ اورسفارتی عملہ بھی موجود تھا۔وزیراعظم شہبازشریف کو شاہی پروٹوکول میں ان کی رہائش لایاگیا۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انورابراہیم نے بھی وزیراعظم شہبازشریف کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ملائیشیا آکرخوشی ہو رہی ہے، پرتپاک استقبال پرملائیشیا کے وزیراعظم کا شکریہ، اس دورے سے پاکستان ملائیشیا دوطرفہ تعلقات کو تقویت ملے گی۔
پاکستان اورملائیشیا کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے
سرکاری حکام کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ملائیشیا کے وزیر اعظم سے ملاقات ہوگی جس دوران مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔حکام کے مطابق ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوگا جبکہ تجارت، آئی ٹی و ٹیلی کام، حلال انڈسٹری اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر بھی غور ہوگا۔وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔



