پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا سیوریج میگا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر کے بڑے نالوں کی بحالی، تعمیر و مرمت اور سیوریج کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے اپنی نوعیت کا سب سے بڑا سیوریج میگا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ اس جامع میگا ایکشن پلان کو سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کا باقاعدہ حصہ بنایا جائے۔

ذرائع کے مطابق ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے راوی اور چناب بیسن کے نالوں کو ترجیح دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو تین ماہ کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے نئی ہاؤسنگ اسکیموں کے لیے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو لازمی قرار دے دیا ہے، جبکہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے بغیر کسی ہاؤسنگ سوسائٹی کو این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت ہڈیارہ ڈرین سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں روزانہ 50 کروڑ گیلن سیوریج ٹریٹمنٹ اور فلوٹنگ ویٹ لینڈز کے قیام پر غور کیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ہڈیارہ میں سالڈ ویسٹ کلیئرنس کا مؤثر نظام فعال ہو چکا ہے اور 30 کلومیٹر میں سے 10 کلومیٹر کا کام مکمل کیا جا چکا ہے، جس سے آلودگی کے بوجھ میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ہڈیارہ کا آلودہ پانی 24 گھنٹوں کے اندر دریائے راوی میں شامل ہو جاتا ہے۔ دریا میں شامل ہونے والے آلودہ پانی کو صاف کرنے کے لیے بھارتی انٹری، فیروزپور روڈ، مولنوال اور برکی کے مقامات پر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کی تجاویز زیر غور ہیں۔

مزید برآں نالہ لئی پر 19 لاکھ گیلن یومیہ سیوریج ٹریٹمنٹ کے آزمائشی منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پنجاب میونسپل ڈیولپمنٹ فنڈ کمپنی کی جانب سے چار دیہات میں فلوٹنگ ویٹ لینڈ ٹیکنالوجی کے ذریعے سیوریج ٹریٹمنٹ کا کامیاب تجربہ کیا جا چکا ہے، جبکہ اپریل 2023 میں مانگا والا میں تنصیب کے بعد بایو ڈی گریڈیشن اور آکسیجنیشن کے مثبت اور مؤثر نتائج سامنے آئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ، صاف پانی کی فراہمی اور شہریوں کو صحت مند ماحول دینا حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور سیوریج میگا منصوبہ اس سمت ایک تاریخی قدم ثابت ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button