لاہور: سیوریج لائن میں گرنے والی خاتون کی لاش مل گئی، بچی کی تلاش جاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور میں بھاٹی گیٹ کے قریب سیوریج لائن میں گرنے والی خاتون کی لاش آؤٹ فال روڈ سے مل گئی جبکہ بچی کی تلاش جاری ہے۔
ڈی جی آپریشن فیصل کامران نے کہا کہ واقعے کی انکوائری کےلیے ہائی لیول کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ خاتون کے شوہر سمیت تین گرفتار افراد رہا کر دیے گئے۔
خاتون کی لاش ملنے سے قبل ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ جس سیوریج ہول میں دو افراد گرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے اس میں کسی انسان کا ڈوبنا تکنیکی طور پر ممکن ہی نہیں، جس مقام کی نشان دہی کی گئی ہے وہ داتا دربار کے قریب پرندہ مارکیٹ میں ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے اس جگہ کھدائی کر رکھی تھی، واقعے کے وقت اس علاقے میں اندھیرا تھا، ریسکیو 1122 کی اسپیشلائزڈ ٹیمیں اور غوطہ خور صرف چند منٹوں میں جائے وقوع پر پہنچ گئے۔
دوسری جانب لاہور انتظامیہ کا بھی کہناتھا سیوریج لائن کا معائنہ کیا، معلوم ہوا کہ وہاں کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔
لاپتہ خاتون کے والد نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ اس کی بیٹی کو قتل کیا گیا ہے ، اس بیان کے بعد خاتون کے شوہر سمیت تین افراد کو گرفتار کیا گیا تاہم بعد ازاں انہیں رہا کردیا گیا۔



