واپڈا کی نجکاری، مہنگائی اور ملازمین کے مسائل کے خلاف سیپکو ملازمین کا سکھر میں بڑا احتجاج

سرکل آفس سے پریس کلب تک ریلی، احتجاج جلسے کی شکل اختیار کر گیا، مطالبات منظور نہ ہوئے تو تحریک مزید سخت کرنے کا اعلان

سکھر (جانوڈاٹ پی کے)ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی واپڈا کی نجکاری، مہنگائی اور دیرینہ ملازمین کے مسائل کے خلاف آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی ای) سیپکو سکھر ریجن کے زیر قیادت ملازمین نے بھرپور احتجاج کیا۔

احتجاج کے دوران بڑی تعداد میں ملازمین نے سرکل آفس سکھر سے پریس کلب تک ریلی نکالی، جس کے بعد پریس کلب کے باہر دھرنا دیا گیا۔ دھرنا دیکھتے ہی دیکھتے بڑے جلسے کی شکل اختیار کر گیا، جس میں شرکاء نے اپنے مطالبات کے حق میں زوردار نعرے لگائے۔

ریلی اور دھرنے کی قیادت سیپکو سکھر ریجن کے رہنماؤں خلیل الرحمن ڈومکی، شجاعت حسین گھمرو، عقیل احمد جوڻیجو، سرور علی، سید زاہد شاہ، عقیق احمد دايو، نذر محمد میمن، اشفاق احمد مہر، ندیم علی کورائی، ہدایت اللہ کورائی، عابد علی کھوسو، عبدالمجید سولنگی، سرور علی شیخ، عباس علی شاہ، طاہر پیرزادہ، ماجد علی شاہ اور دیگر نے کی۔

رہنماؤں نے وفاقی حکومت اور سیپکو انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ واپڈا کی نجکاری کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے، کیونکہ یہ ایک قومی ادارہ ہے اور اس کی نجکاری سے ہزاروں ملازمین اور ان کے خاندان شدید متاثر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا کے کارکنان نے اپنے خون پسینے سے ادارہ کھڑا کیا ہے، اس لیے اس کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔

مزید مطالبات میں کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنا، مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافہ، پروموشنز اور ٹائم اسکیل کے معاملات حل کرنا اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات جلد از جلد ادا کرنا شامل ہیں۔ رہنماؤں نے فیلڈ میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے مکمل حفاظتی سامان اور بہتر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔

شرکاء نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات منظور نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا اور مکمل تحریک چلائی جائے گی، جس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button