سیپکو صارفین کو مسلسل اور بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے دن رات مصروفِ عمل ہے، اعجاز احمد چنہ

سکھر (جانوڈاٹ پی کے)سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اعجاز احمد چنہ نے کہا ھے کہ سخت سردی اور شدید دھند کے باوجود سیپکو کی بلا تعطل بجلی فراہمی، صارفین کی خدمت اولین ترجیح ھے، سیپکو اپنے صارفین کو مسلسل اور بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہے، جس کی واضح مثال شدید سردی اور گھنی دھند کے باوجود بجلی کی بلا تعطل فراہمی ہے۔اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے سی ای او سیپکو نے بتایا کہ اس وقت سخت سردی اور شدید دھند کے باعث زندگی کے دیگر معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، تاہم سیپکو کی حدود میں شامل سکھر، شکارپور، خیرپور سمیت مجموعی طور پر دس اضلاع میں کہیں بھی بجلی کی فراہمی معطل نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی بروقت منصوبہ بندی اور عملے کی انتھک محنت کے باعث صارفین کو بجلی کے حوالے سے کسی بڑی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔اعجاز احمد چنہ نے مزید کہا کہ اگر کسی تکنیکی خرابی یا فالٹ کی وجہ سے بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے تو اس کے فوری حل کے لیے خصوصی ٹیمیں پہلے سے تشکیل دی گئی ہیں۔ یہ ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متحرک ہو کر فالٹ کو درست کرتی ہیں اور بجلی کی فراہمی بحال کی جاتی ہے، تاکہ شدید سردی اور دھند کے موسم میں صارفین کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔سی ای او سیپکو کا کہنا تھا کہ بجلی کی مسلسل فراہمی اس لیے ممکن ہو سکی ہے کیونکہ سیپکو کے افسران اور فیلڈ اسٹاف صارفین کی خدمت کے جذبے کے تحت دن رات اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے سیپکو کے تمام ملازمین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ مستقبل میں بھی صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتا رہے گا۔آخر میں اعجاز احمد چنہ نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ بجلی کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنائیں اور کسی بھی مسئلے کی صورت میں متعلقہ سیپکو دفاتر یا ہیلپ لائن سے فوری رابطہ کریں، تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button