لاڑکانہ، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے خلاف سیپکو ملازمین کی احتجاجی ریلی

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے خلاف سیپکو کے محنت کش سڑکوں پر نکل آئے، آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو یونین کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی جناح باغ چوک پہنچی جہاں جلسے کی شکل اختیار کر گئی، یونین چیئرمین نثار شیخ، زونل چیئرمین عبداللہ سومرو، ریجنل اطلاعات سیکریٹری محمود پٹھان ودیگر نے خبردار کیا کہ پاور کمپنیز کی نجکاری سے ہزاروں مزدور بے روزگار ہوں گے اور یہ فیصلہ محنت کش طبقے کا معاشی قتل ثابت ہوگا،

مقررین نے الزام لگایا کہ آئی ایم ایف کے دباؤ پر عوام دشمن پالیسیاں مسلط کی جا رہی ہیں جبکہ 53 ہزار ارب روپے کی مبینہ کرپشن کے ذمہ داروں کے بجائے مزدوروں کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے، یونین رہنماؤں نے نجکاری فوری روکنے، ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے، خالی آسامیوں پر بھرتیوں اور مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں ملک گیر احتجاج اور دھرنوں کا اعلان کر دیا، اس موقع پر علی محمد، خرم میمن، وسیم جتوئی، ہادی بخش، ریاض بھٹی ودیگر نے بھی خطاب کیا.

مزید خبریں

Back to top button