”بچوں کا تحفظ کریں، مستقبل کو محفوظ بنائیں“چائلڈ پروٹیکشن سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام سیمینار

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)”بچوں کا تحفظ کریں، مستقبل کو محفوظ بنائیں“ کے عنوان سے چائلڈ پروٹیکشن سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ بدین کے زیرِ اہتمام جم خانہ بدین میں آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں بچوں کے حقوق، تحفظ اور ان کے محفوظ مستقبل کے حوالے سے تفصیلی روشنی ڈالی گئی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی نے کہا کہ بچے معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کے جسمانی، ذہنی اور سماجی تحفظ کو یقینی بنانا ہر فرد اور ادارے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں پر تشدد، جبری مشقت، کم عمری کی شادیاں اور بدسلوکی جیسے مسائل معاشرے کے لیے سنگین خطرات ہیں، جن کی روک تھام کے لیے آگاہی، قانون پر عملدرآمد اور والدین کے کردار کو مضبوط بنانا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں ہے، بچوں کے تحفظ کے لیے ہم سب کو متحد ہو کر اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس سلسلے کی ابتدا گھر سے ہوگی اور بعد ازاں اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عبدالغفار کھوسہ نے کہا کہ یہ سیمینار ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی کی ہدایات پر منعقد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے بنیادی حقوق، جن میں تعلیم، صحت مند خوراک اور تحفظ شامل ہیں، نہایت اہم ہیں۔ لاکھوں بچے مشقت کر رہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ان بچوں کو اسکول لایا جائے۔ غربت کے باعث اسکولوں میں انرولمنٹ کم ہے، جبکہ غربت کے خاتمے کے لیے تعلیم ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی قائم ہے، جس میں پولیس، جیل اور محکمہ تعلیم کے افسران شامل ہیں۔ مزید کہا کہ سوشل پروٹیکشن ایکٹ 2011، جس میں 2022 میں ترمیم کی گئی، کا مطالعہ ضروری ہے تاکہ اپنی ذمہ داریوں کا ادراک ہو سکے۔ بچے محفوظ ہوں گے تو ہی آگے بڑھ سکیں گے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر دین محمد ڈیرو نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 1121 پر کال کر کے مدد حاصل کی جا سکتی ہے سیمینار سے انفارمیشن آفیسر عرفان علی جونیجو، ڈی ایس پی پیر شبیر حیدر، اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ عبدالحمید سومرو، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ممتا پروگرام سیدہ رضوانہ حنین، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر عبدالفتاح جونیجو، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر فہمیدہ میمن، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر شبانہ میمن، مقصود بھان، سورمی رہنما ماروی عابدہ سمون، فوکل پرسن محکمہ تعلیم محمد خان سموں، ڈسٹرکٹ منیجر ہینڈز حیدر علی پنہور، علی رضا شاہ اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد سے ہی بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکتا ہے اس موقع پر چائلڈ پروٹیکشن یونٹ بدین کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات، ہیلپ لائن اور شکایات کے ازالے کے طریقۂ کار سے بھی آگاہی دی گئی۔ سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید تیز کریں گے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں گے تاکہ ”بچوں کا تحفظ کریں، مستقبل کو محفوظ بنائیں“ کا پیغام ہر گھر تک پہنچ سکے سیمینار میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، سماجی رہنماؤں، اساتذہ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔



