وزیرداخلہ سندھ کا سکھر اور شکارپور کا دورہ،زخمی اہلکاروں کی عیادت، کچہ ایریاز میں آپریشنز کا جائزہ، پولیس کو خراج تحسین

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ضیاء الدین اسپتال سکھر کا خصوصی دورہ کیا جہاں پر انہوں نے زیر علاج ڈی ایس پی سٹی پارس بکھرانی، ڈی ایس پی گڑھی یاسین ظہور احمد سومرو، زخمی پولیس اہلکار منور بروہی اور اسرار منگرانی کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی، وزیر داخلہ سندھ نے ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ زخمی افسران و جوانوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیر داخلہ نے موقع پر موجود سکھر اور لاڑکانہ کے ڈی آئی جیز سے پولیس آپریشن سے متعلق تفصیلی آگاہی لی اور کہا کہ ڈاکوؤں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔ کچہ ایریا میں جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے سندھ پولیس کی کاوشیں لائق ستائش و توصیف ہیں۔ آپریشن میں بہادری دکھانے والے ڈی ایس پیز اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، سندھ پولیس کے غازی قوم کا فخر اور ہمارے ہیرو ہیں۔ صوبے بھر میں امن و امان کیلئے پولیس کے کردار کو سراہتا ہوں. انہوں نے اسپتال میں موجود زخمی افسران و جوانوں کے اہل خانہ سے ملاقات اور ان سے یکجہتی کا اظہار کیا اور فرض کی راہ میں جرات و بہادری کا مظاہرہ کرنے پر پولیس افسران و اہلکاروں کے لیئے کیو پی ایم کی سفارشات جلد ارسال کرنیکا اعادہ کیا.
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار ایس ایس پی شکارپور کے دفتر پہنچے جہاں پر انہوں نے شکارپور میں امن و امان کے حالات سمیت کچہ ایریاز میں پولیس آپریشن حکمت عملی کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب نے کچہ ایریاز میں جاری آپریشن اور پولیس اقدامات پر بریفنگ دی جبکہ ایس ایس پی شکار پور شاھزیب چاچڑ نے بھی امن وامان اور اس تناظر میں پولیس حکمت عملی و لائحہ عمل کے بارے میں بتایا. وزیر داخلہ نے کہا کہ امن وامان کے حالات کو سبوتاژ کرنا ناقابل برداشت ہے، گذشتہ روز ڈاکوؤں کے خلاف شکارپور پولیس نے بڑی کامیابی اپنے نام کی، کچہ ایریاز سمیت پکے علاقوں میں بھی جرائم کے خلاف آہنی اقدامات کیئے جائیں، ریاست کی رٹ کو ہر حال میں یقینی بنانا اور مجرموں کو نکیل ڈالنا پولیس کی اولین ترجیح ہے.



