ایران میں بچیوں کے اسکول پر حملےکا ذمہ دار مکمل طور پر امریکا ہے، امریکی اخبار

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی اخبار نے ایران میں بچیوں کے اسکول پر حملے کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہرادیا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی حملے میں 150 سے زائد بچوں اور بچیوں سمیت 175 افراد شہید ہوئے تھے۔
صدر ٹرمپ اس سے پہلے کہہ چکے ہیں کہ اسکول پر حملےکا ذمہ دار ایران ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق مناب میں اسکول پر حملہ امریکی فوج کی جانب سے ہدف کے تعین کی غلطی تھی۔ امریکی فوجی تحقیقات کے مطابق میزائل کے حملےکے لیے پرانے ڈیٹا کا استعمال اس غلطی کا باعث بنا۔
امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق 28 فروری کو شجرہ طیبہ ایلیمینٹری اسکول پر امریکی ٹوما ہاک میزائل کا حملہ امریکی غلطی کے باعث ہوا، اس وقت امریکی فوج قریب ہی واقع ایک ایرانی فوجی اڈے کو نشانہ بنا رہی تھی۔
امریکی اخبار کے مطابق سینٹرل کمانڈ کے افسران نے ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کی طرف سے فراہم کیا گیا پرانا ڈیٹا استعمال کیا۔ امریکی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات ابتدائی مراحل میں ہیں اور کئی سوالوں کے جواب ابھی سامنے نہیں آئے ہیں۔ یہ بھی جواب سامنے نہیں آیا کہ پرانے ڈیٹا کو ڈبل چیک کیوں نہیں کیا گیا؟
امریکی اخبارکا کہنا ہےکہ بچوں سے بھرے اسکول کو نشانہ بنانا حالیہ عشروں کی سب سے بڑی اور بھیانک فوجی غلطی ہے، امریکا کو اکیلا ذمہ دار اس لیے کہا جا رہا ہےکہ ٹوما ہاک میزائل صرف امریکی فوج استعمال کر رہی ہے۔



