سعودی عرب میں اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن

ریاض(جانوڈاٹ پی کے)سعودی عرب میں اقامہ اور لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی شامت آگئی ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ (جوازات) نے انتظامی کمیٹیوں کے ذریعے ایک ماہ کے دوران اقامہ، لیبر، اور بارڈر سیکیورٹی ضوابط کی خلاف ورزی پر 15 ہزار 200 فیصلے جاری کیے ہیں۔
ایس پی اے کا کہنا ہے کہ کارروائی سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے خلاف کی گئی ہے۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ خلاف ورزیوں پر قید، جرمانہ اور بے دخلی کی سزائیں شامل ہیں۔
حکام نے مقامی شہریوں اور غیرملکیوں کو کہا ہے کہ وہ اقامہ، ملازمت اور سرحدی امن قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کو ٹرانسپورٹ، روزگار، رہائش، پناہ یا کسی بھی تعاون سے گریز کریں۔
امیگریشن قوانین کے مطابق غیر ملکی کارکنوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے اسپانسر (کفیل) کے علاوہ کسی اور جگہ ملازمت نہیں کرسکتے۔



