سعودی عرب کے تبوک میں زمین بیٹھنے سے بڑا گڑھا بن گیا،شہری خوفزدہ

تبوک(جانو ڈاٹ پی کے)سعودی عرب کے شہر تبوک کے الشرف علاقے میں اچانک زمین بیٹھ جانے کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک بڑا گڑھا بن گیا۔ واقعے نے مقامی آبادی میں تشویش اور خوف کی لہر دوڑا دی جبکہ سکیورٹی اداروں نے علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے لیا۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق یہ دھنساؤ زیرِ زمین مٹی کے کمزور ڈھانچے، پانی کے بہاؤ یا کھوکھلی زمین کی وجہ سے پیش آیا، تاہم حکام نے وجہ جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔
ریسکیو اور میونسپل حکام نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متاثرہ جگہ کو بند کر دیا تاکہ کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہو۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
واقعے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جن میں ایک بڑا گہرا گڑھا دیکھا جا سکتا ہے، جس کے اطراف پولیس اور میونسپلٹی کی گاڑیاں موجود تھیں۔



