سرگودھا: شدید دھند کے باعث ٹرک نہر میں جا گرا، 14 افراد جاں بحق، زخمیوں کی حالت تشویشناک

سرگودھا (جانوڈاٹ پی کے) شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے پر سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کے علاقے گلہ پور بنگلہ کے قریب ایک المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں جنازے میں شرکت کے لیے جانے والا مزدا ٹرک سڑک سے پھسل کر خشک نہر میں جا گرا، جس کے نتیجے میں 14 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے وقت منی ٹرک میں مجموعی طور پر 23 افراد سوار تھے جو جنازے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ شدید دھند کے باعث ڈرائیور کو سامنے کا راستہ نظر نہ آیا اور گاڑی بے قابو ہو کر سڑک سے اترتے ہوئے نہر میں جا گری۔
حادثے کے فوراً بعد ٹرک کے نیچے دب کر 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ دیگر زخمیوں کو ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال پہنچنے کے بعد دورانِ علاج مزید 7 افراد دم توڑ گئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں 11 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔
دوسری جانب محکمہ انہار نے تصدیق کی ہے کہ واقعے کے وقت نہر وارہ بندی کے باعث بند تھی، جس کی وجہ سے اس میں پانی موجود نہیں تھا، تاہم حادثے کی شدت کے باعث جانی نقصان زیادہ ہوا۔



