سرگودھاپریس کلب میں قائد اعظم سپورٹس گالا اینڈ فیملی فیسٹیول کی اختتامی تقریب

سرگودھا(رپورٹ:رانا اشرف/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)سرگودھاپریس کلب میں قائد اعظم سپورٹس گالا اینڈ فیملی فیسٹیول کی اختتامی تقریب شاندار انداز میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم تھے جبکہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر صائمہ منظور اور اسسٹنٹ سپورٹس آفیسر طیب بشیر بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے کہا کہ سرگودہا پریس کلب کی قیادت کی مثبت اور دور اندیش سوچ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے پریس کلب کی جگہ میڈیا ٹاور کے قیام میں مکمل معاونت فراہم کی جائے گی، میڈیا ٹاور نہ صرف سرگودھا میں ایک معیاری اور جدید عمارت کا اضافہ ثابت ہوگا بلکہ اس سے پریس کلب اور صحافیوں کے معاشی مسائل میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے قائد اعظم سپورٹس گالا اینڈ فیملی فیسٹیول کی 11 روزہ تقریبات کے کامیاب انعقاد پر پریس کلب کی انتظامیہ اور ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سرگودہا کے صحافیوں نے ایک ایسا مثالی ایونٹ منعقد کیا جس میں نہ صرف صحافی بلکہ ان کے بچوں، خواتین اور فیملیز نے بھی بھرپور شرکت کی، صحافیوں کے جوش و جذبے کو دیکھتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ فروری میں صحافیوں اورانکی فیملیزکیلئے ایک اور سپورٹس میلہ منعقد کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ میں انتظامیہ پریس کلب کے شانہ بشانہ کھڑی ہے کیونکہ جسمانی کھیلوں میں شرکت سے نہ صرف ذہنی دباؤ اور فرسٹریشن کم ہوتی ہے بلکہ صحافی اپنے پیشہ ورانہ فرائض بھی زیادہ بہتر اور جامع انداز میں انجام دے سکتے ہیں، انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ سپورٹس گالا میں پریس کلب کے ممبران کے ساتھ ساتھ دیگر تمام نان ممبرز صحافیوں انکی فیملیز اور بچوں نے بھی شرکت کی اور پریس کلب نے تمام میڈیا پرسنز کوکھیل اور تفریح کے یکساں مواقع فراہم کئے، صحافت کسی بھی معاشرے کی آنکھ، ناک اور کان ہے اور جتنی یہ صحت مند ہوگی اتنا ہی معاشرہ بھی صحت مند ہوگا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے نئی ممبرشپ کیلئے اپنے دروازے کھولنے پر پریس کلب انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر صائمہ منظور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا پریس کلب کے ساتھ مل کر ایونٹ مینج کرنا خوش آئند تجربہ رہا، صحافی نہ صرف اپنے پیشہ ورانہ امور بلکہ ایونٹ آرگنائزیشن میں بھی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، جس منظم انداز سے 11 روزہ سپورٹس گالا اور فیملی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا اس میں صحافیوں کی شرکت قابلِ تحسین رہی، انہوں نے کہا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور سرگودہا پریس کلب آئندہ بھی مل کر ایسے ایونٹس کا انعقاد کریں گے تاکہ شہریوں، صحافیوں اور ان کی فیملیز کو مزید تفریح اور کھیلوں کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ صدر سرگودھا پریس کلب عبدالحنان چوہدری، جنرل سیکرٹری شیخ محمد رضوان اور سینیئر صحافی شاہین فاروقی نے اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر صائمہ منظور، اسسٹنٹ سپورٹس آفیسر طیب بشیر اور دیگر معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور قائد اعظم سپورٹس گالا اینڈ فیملی فیسٹیول کی سرپرستی پر ڈپٹی کمشنر سرگودہا کا شکریہ ادا کیا، مقررین کا کہنا تھا کہ کیپٹن (ر) محمد وسیم کی قیادت میں ضلع سرگودھا تیزی سے تعمیر و ترقی کی جانب گامزن ہے اور قلیل عرصے میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے تکمیل کے مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، اگر یہی رفتار برقرار رہی تو آئندہ ڈیڑھ دو سال میں جدید اور ترقی یافتہ سرگودھا کو پہچاننا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر صائمہ منظور اور ان کے محکمے کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایونٹ کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کیا، جبکہ صدر پریس کلب عبدالحنان چوہدری نے کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر ارسلان حیدر ہاشمی اور ڈی جی پی ایچ اے چوہدری ارشد کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی معاونت سے اس شاندار قائد اعظم سپورٹس گالا اینڈ فیملی فیسٹیول کا انعقاد ممکن ہوا۔ تقریب کے اختتام پر مختلف کھیلوں میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو نقد انعامات اور ٹرافیز سے نوازا گیا۔آرگنائزنگ کمیٹی،میڈیااینڈامیج بلڈنگ کمیٹی ،دیگرکمیٹیوں اورصحافیوں کو بہترین کارکردگی پر اعزازی اسناد دی گئیں، تقریب میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،تقریب کے آغازسے قبل صدر پریس کلب عبدالحنان چوہدری، جنرل سیکرٹری شیخ محمد رضوان اور ان کے رفقا نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا، پروگرام میں نظامت کے فرائض سینیئر صحافی شاہین فاروقی نے انجام دیے، تلاوتِ قرآن پاک رانا محمد اشرف نے کی جبکہ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پڑھنے کا شرف سید زوار حسین کاظمی کو حاصل ہوا،پروگرام کے اختتام پر صحافیوں کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔قائد اعظم سپورٹس گالا اینڈ فیملی فیسٹیول 2025 میں دو سو سے زائد صحافیوں نے شرکت کی جبکہ صحافیوں کی فیملیز اور بچوں کے لیے بھی رنگا رنگ تقریبات منعقد کی گئیں، شرکاء نے اس ایونٹ کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ سرگودھا پریس کلب آئندہ بھی اس طرح کی مثبت، صحت مند اور تفریحی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

مزید خبریں

Back to top button