سرگودھا پاکستان ہماری پہچان،ہمارا سائبان اور ہمارا گھر ہے،ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم

سرگودھا(نامہ نگار)چیف وارڈن سول ڈیفنس سرگودھا ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا ہے کہ پاکستان ہماری پہچان ،ہمارا سائبان اور ہمارا گھر ہے جس کا قیام لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کے بعد منصہ شہود پر آیا۔ پاکستان سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اس کے استحکام اور سلامتی کے لیے کام کریں۔ تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے لیے تربیت بہت ضروری ہے۔
وہ تنظیم شہری دفاع کے گروپ سی میں تین روزہ تربیتی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔چیف انسٹرکٹر محمد یوسف ،ڈپٹی چیف وارڈن پبلسٹی ملک اسد عباس، ڈویژن وارڈن مہر محمد یونس، محترمہ رابعہ گوندل، ڈپٹی ڈویژن وارڈن مرزا محمد انور اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔
ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ ہماری زندگی قربانی سے ہم آہنگ ہے۔ وطن عزیز کی خاطر قربانی دینے والے ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ پاکستان کا استحکام باتوں سے نہیں عمل سے ہی ممکن ہے۔ مہر محمد یوسف نے شہری دفاع کے مختلف مراحل کے حوالے سے تربیت دی۔ ملک اسد عباس نے کہا کہ ہم اپنی مدد آپ کے تحت گروپ سی کو مستحکم بنا رہے ہیں۔ علاقہ میں شہر ی دفاع کا شعور اجاگر کیا جا رہا ہے ۔مہر محمد یونس نے کہا کہ سی گروپ کی طرح باقی گروپوں میں بھی یہ تربیتی کورس کروائے جائیں گے۔ مرزا محمد انور نے رضاکاروں سے توقع ظاہر کی کہ وہ ملک کی خدمت میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔گروپ سی میں بھرتی کا عمل جاری ہے۔ ملک اسد عباس کی معاونت سے بہت سے نئے رضاکار اس میں شامل ہو چکے ہیں۔ محترمہ رابعہ گوندل نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں شہری دفاع کی تربیت کو مستقل بنیادوں پر کروانے کا اہتمام بہت ضروری ہے ۔پاکستان سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اس کی سلامتی کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔ بعد از تربیت رضاکاروں کے لیے چائے کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔



