سرگودھا کرسمس کی تقریبات میں امن و امان، صفائی اور شہری سہولت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں ڈپٹی کمشنر

سرگودہا(جانوڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف کی زیر صدارت کرسمس کی تقریبات کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اے ڈی سی ہیڈکوارٹر ماجد بن احمد، اے ڈی سی جی رانا محمد ابوبکر، ایم ڈی واسا ابوبکر عمر اور دیگر سیکیورٹی و انتظامی افسران نے شرکت کی۔ ضلع بھر سے مسیحی اکابرین بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس کی تقریبات میں امن و امان، صفائی اور شہری سہولت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ گرجا گھروں اور تقریبات کے انعقاد کے مقامات پر مکمل سیکیورٹی، ٹریفک کنٹرول اور ایمرجنسی سروسز کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ ڈی پی او نے کہا کہ کرسمس کی تقریبات میں مکمل سیکیورٹی فراہم کرے گی، گرجا گھروں اور عوامی مقامات پر موبائل اور فٹ پٹرولنگ کا نظام فعال رکھا جائے گا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے تمام پولیس افسران اور اہلکار مکمل تیار رہیں گے۔ کرسمس کی تقریبات میں سرکاری افسران بھی شریک ہوں گے تاکہ انتظامات کی نگرانی اور شرکاء کی رہنمائی کی جا سکے۔ تمام انتظامی اور سیکیورٹی ادارے ایک مربوط پلان کے تحت کام کریں گے تاکہ تقریبات خوش اسلوبی اور محفوظ ماحول میں منعقد ہوں۔


