سرگودھا ، سرکاری چھپڑوں پر بااثر افراد کے قبضے برقرار، اربوں روپے مالیت کا رقبہ ہڑپ

سرگودھا(جانوڈاٹ پی کے)ضلع کے دیہات اور قصبوں میں برسوں سے سیوریج، برساتی پانی اور ماحولیاتی توازن کے لیے مختص سرکاری چھپڑوں پر بااثر افراد کے ناجائز قبضے بدستور جاری ہیں، جس کے باعث اربوں روپے مالیت کا سرکاری رقبہ غیرقانونی طور پر ہڑپ کیا جا چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے گاؤں 114 شمالی میں بااثر افراد نے سینکڑوں گھروں کے سیوریج کی نکاسی کے لیے حکومت کی جانب سے مخصوص کیے گئے چھپڑ پر قبضہ کر رکھا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس قبضے کے باعث گندے پانی کی نکاسی کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے، نتیجتاً گلیوں اور گھروں میں گندا پانی کھڑا رہتا ہے، جس سے وبائی امراض پھیلنے کا شدید خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ بارہا شکایات کے باوجود تاحال کسی قسم کی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی، جبکہ قبضہ مافیا دن بدن مزید مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔

اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر سرگودھا، ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور انچارج پیرا فورس سرگودھا سے فوری نوٹس لے کر ناجائز قابضین کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کرنے اور سرکاری چھپڑ کو واگزار کروانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو ماحولیاتی اور صحت کے سنگین مسائل سے نجات مل سکے۔

مزید خبریں

Back to top button