سرگودھا:انسدادمنشیات اورسوشل میڈیا کےمنفی اثرات کے موضوعات پر تقریری مقابلے کا انعقاد

سرگودھا (جانوڈاٹ پی کے)سکول کے بچوں کو ان کی صلاحیتوں کو آزمانے اور غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے یونیورسٹی آف سرگودھا کے ملٹی پرپز ہال میں تقریری مقابلوں کاانعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ریجنل پولیس آفیسرمحمدشہزاد آصف خان اور وائس چانسلریونیورسٹی آف سرگودھا ڈاکٹر قیصرعباس تھے۔دیگر مہمانوں میں ایس پی آر آئی بی اظہر یعقوب ، ایس پی انوسٹی گیشن جاوید اخترجتوئی ، اے ڈی آئی جی محمد طارق ملک اور ڈی ایس پی سپیشل برانچ جاوید اقبال شامل تھے ۔ ججز کے فرائض ڈاکٹر رابعہ فیض ، ڈاکٹر سمیرا اعجاز ، محمدمنیر اور الیاس گوندل نے سرانجام دیئے ۔ تقریری مقابلے میں مختلف سکولوں کے تیس طلبا و طالبات نے حصّہ لیا ۔تقریری مقابلہ دو موضوعات منشیات سے انکار زندگی سے پیار اور لائکس کے پیچھے دوڑ کتابوں سے منہ موڑ پر تھا۔ منشیات سے انکار زندگی سے پیار کے عنوان پر پہلی پوزیشن دی ایجو کیٹرز پولیس پبلک ہائی سکول سے تعلق رکھنے والی اُمِ عمارہ ،دوسری پوزیشن مسلم ہینڈ سکول آف ایکسلینس سے تعلق رکھنے والی زرمینا نثار جبکہ تیسری پوزیشن فجرحسن نے حاصل کی ۔تقریری مقابلے کے دوسرے عنوان لائیکس کے پیچھے دوڑ کتابوں سے منہ موڑ میں پہلی پوزیشن بیکن ہاوس سکول سسٹم کی ہاجرہ مختار، دوسری پوزیشن دی ایجوکیٹرز پولیس پبلک ہائی سکول کےمحمد ارسلان جبکہ تیسری پوزیشن ریڈر کیمبرج سکول کی عیشال حورین نے حاصل کی ۔تقریری مقابلے کے دونوں موضوعات پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو پچیس ہزار روپے نقد دوسری پوزیشن بیس ہزار روپے نقد جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو پندرہ پندرہ ہزار روپےنقد انعام اور شیلڈز دی گئیں ۔اس دوران ایجوکیٹرز سکول کے بچوں نے مختلف ٹیبلوز ، ملی نغمے اور ترانے پیش کیے جن کی حاضرین نے دل کھول کرداد دی ۔ سکول پرنسپل قراہ العین اشرف لغاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دی ایجوکیٹرز پولیس پبلک سکول نصابی سرگرمیوں کے ساتھ بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے ،جذبہ حب الوطنی پیدا کرنے اور معاشرتی سے برائیوں سے خود کو بچانے کے لیے علم و آگہی کے لئے یکساں مواقع فراہم کر رہا ہے ۔مہمان خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا ڈاکٹر قیصر عباس نے اپنے خطاب میں دی ایجوکیٹرز پولیس پبلک سکول کی اس شاندار تقریب کو سراہتے ہوئے تقریری مقابلے میں حصہ لینے والے بچوں کے جوش و جذبے کی تعریف کی ۔آر پی او محمد شہزاد آصف خان نے کہا کہ کسی بھی معاشرتی برائی خصوصاً منشیات سے اپنی آنے والی نسلوں کو بچانا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم سب اس مقصد کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کے تحت اقدامات کریں ۔تقریب کے اختتام پر بہترین انتظام کرنے والے سکول اساتذہ و انتظامیہ کو اعزازی شیلڈز دی گئیں۔

مزید خبریں

Back to top button