سرفراز احمد نےبھارتی ٹیم کا رویہ غیر اخلاقی اور اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی قرار دیدیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے مینٹور اور سابق قومی کپتان سرفراز احمد نے انڈر 19 ایشیا کپ کے دوران بھارتی ٹیم کے رویے پر خاموشی توڑ دی اور اسے غیر اخلاقی اور اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی قرار دے دیا۔
پیر کو وزیر اعظم کی جانب سے ایشین انڈر 19چیمپئن ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ کیا گیا، شہبازشریف نے تمام کھلاڑیوں کا خود استقبال کیا۔
وزیراعظم کےہمراہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی،وفاقی وزرا اور کابینہ ارکان بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نے فائنل کے دوران بھارتی ٹیم کے رویے پر تبصرہ کیا۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا میچ کے حوالے سے بھارت کا رویہ درست نہیں تھا اور بھارتی ٹیم کا کرکٹ میں رویہ غیر اخلاقی تھا لیکن ہم نے فتح اسپورٹس مین اسپرٹ کے ساتھ منائی، کیونکہ کرکٹ میں ہمیشہ کھیل کا جذبہ ہونا چاہیے، بھارت نے جو کیا، وہ ان کا فعل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ میں مقابلے کے ساتھ ساتھ اخلاقیات اور احترام کو ہمیشہ سب سے اوپر رکھنا چاہیے۔
خیال رہے کہ اتوار کو دبئی میں کھیلےگئے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے سمیر منہاس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔



