قائداعظمؒ کے تاریخی فرمان ہمیں ایمان، اتحاد اور نظم کی ضرورت ہے، اویس احمد خان لغاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ قائداعظم کے تاریخی فرمان ہمیں ایمان، اتحاد اور نظم کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہاکہ قائداعظمؒ کی دور اندیش قیادت اور ابدی اصول آج بھی پاکستان کو ترقی، استحکام اور قومی ہم آہنگی کی راہ پر گامزن رکھنے میں رہنما کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
سردار اویس احمد خان لغاری نے قوم سے اپیل کی کہ قائداعظم کے اس لازوال پیغام کی روشنی میں ہم سب رنگ، نسل، زبان، صوبائیت یا نظریاتی اختلافات سے ماورا ہو کر ایک متحدہ اور منظم قوم کے طور پر اپنا کردار ادا کریں تاکہ پاکستان کو ایک مستحکم، خوشحال اور باوقار ملک کی حیثیت سے مزید بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔
سردار اویس احمد خان لغاری نے قائداعظم کے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق مشہور فرمان آپ آزاد ہیں، آپ آزاد ہیں کہ اپنے مندروں میں جائیں، آپ آزاد ہیں کہ اپنی مسجدوں میں جائیں یا پاکستان کی اس ریاست میں کسی بھی دوسری عبادت گاہ میں جائیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کا تعلق کسی بھی مذہب، ذات یا عقیدے سے ہو ، اس کا ریاست کے امور سے کوئی تعلق نہیں کا تذکرہ کرتے ہوئے زور دیا کہ پاکستان ایک روادار، جامع اور مساوی حقوق پر مبنی معاشرہ ہے۔



