پاکستان نے نومسلم سکھ خاتون بھارت کے حوالے کردی

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)نومسلم بھارتی خاتون نور حسین (سابقہ سربجیت کور) کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔48 سالہ سربجیت کور 4 نومبر 2025 کو بابا گورو نانک کے جنم دن منانے پاکستان آنے والے بھارتی یاتریوں کے ساتھ آئی تھیں۔ قیام کے دوران انہوں نے 5 نومبر 2025 کو اسلام قبول کیا اور مقامی شہری ناصر حسین سے نکاح کر لیا، جس کے بعد ان کا نام نور حسین رکھا گیا۔ان کے لاپتہ ہونے کا انکشاف13نومبر کو ہوا جب بھارتی یاتری واپس اپنے ملک پہنچے۔خاتون کے ویزے کی معیاد 14 نومبر 2025 کو ختم ہو چکی تھی، جس کی بنیاد پر امیگریشن قوانین کے تحت ان کی ڈی پورٹیشن کا عمل شروع کیا گیا۔پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سابق سربراہ سردار مہیندرپال سنگھ نے لاہور ہائیکورٹ میں خاتون کو ڈی پورٹ کیے جانے کے لیے درخواست دائر کی تھی،تاہم عدالتی حکم سے قبل ہی خاتون کو ڈی پورٹ کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق سربجیت کور اور ان کے شوہر ناصر حسین کو دو روز قبل ننکانہ صاحب کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس اور انٹیلی جنس حکام نے انہیں حراست میں لیا۔قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد نور حسین کو آج واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت کے حوالے کیا جائے گا۔



