شوبز میں غیر اخلاقی پیشکشوں کا سامنا کرنا پڑا،سارہ چوہدری کا انکشاف

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)دین کی خاطر شوبز سے کنارہ کشی کرنے والی سابق اداکارہ سارہ چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز میں قدم رکھتے ہی انہیں اور ان کی والدہ کو بے شمار غیر اخلاقی پیشکشوں کا سامنا کرنا پڑا۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سارہ چوہدری نے بتایا کہ ہراسگی صرف شوبز تک محدود نہیں، مگر اس صنعت کو زیادہ بدنامی اس وجہ سے ملتی ہے کہ عوام کا عمومی تاثر یہ ہے کہ یہاں کام کرنے والوں کا کردار کمزور ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی سوچ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کچھ لوگ حد سے بڑھی ہوئی درخواستیں کرتے ہیں، جس سے اُن کے کیریئر کے ابتدائی مہینے نہایت مشکل ثابت ہوئے۔

سارہ کے مطابق وہ ہمیشہ اپنی والدہ کے ساتھ سیٹ پر موجود رہتیں، لیکن اصل پریشانی والدہ کو ہوتی تھی۔

آغاز میں انہیں ایسی پیشکشیں کی گئیں جنہوں نے والدہ کو شدید دکھی کردیا، حتیٰ کہ ایک موقع پر وہ رو پڑیں اور مجھ سے کہا کہ پڑھائی پر توجہ دو اور اس ماحول سے دور رہو۔

سارہ نے بتایا کہ جو جملے اُن کی والدہ سے کہے گئے وہ اتنے غیر شائستہ تھے کہ وہ انہیں دہرانا بھی مناسب نہیں سمجھتیں۔

انہوں نے اشاروں میں بتایا کہ انہیں کہا گیا کہ اگر وہ شوبز میں آگے بڑھنا چاہتی ہیں تو’کچھ خاص سمجھوتے ‘ کرنا ہوں گے، ورنہ کامیابی مشکل ہے۔

واضح رہے کہ سارہ چوہدری نے 2010 میں شوبز چھوڑ دیا تھا اور آج وہ شادی شدہ، پانچ بچوں کی ماں اور مذہبی سرگرمیوں میں سرگرم ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button