سابق ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے ڈپریشن کی وجہ بتادی

دوبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ڈپریشن کی وجہ بتادی۔
ثانیہ مرزا نے پوڈ کاسٹ میں اپنی ذہنی صحت کے مسائل کے بارے میں تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہرکھلاڑی اپنے کیریئر کے دوران ذہنی صحت کے بحران سے گزرتا ہے، گزشتہ آٹھ سے 10 سالوں کے عرصے میں لوگوں نے ذہنی صحت کے بارے میں کھل کر بات کرنا شروع کر دی ہے، پہلے لوگ اس حوالے سے بات کرنا شرمندگی کا باعث سمجھتے تھے، مجھے خوشی ہے کہ لوگ اس سے متعلق بات کرنے میں اب کوئی عارمحسوس نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ بطور کھلاڑی ہماری زندگی روبوٹک ہے ہمیں روبوٹ کے طور پر لیا جاتا ہے جو کہ درست نہیں ہے، ہم حقیقی احساسات کے ساتھ حقیقی انسان ہیں، حقیقت یہ ہے کہ ہر ایک کی اپنی جدوجہد ہوتی ہے۔
اپنی جدوجہد کی عکاسی کرتے ہوئے سابق ٹینس اسٹار کا کہنا تھا کہ میں ایسے وقت سے بھی گزری کہ مجھے ڈپریشن کا سامنا کرنا پڑا مگر میں نے جدوجہد کی، میں عدالت سے باہر بھی بہت سی چیزوں سے نمٹ رہی تھی جو کہ میرے کیریئر کے شروع میں میڈیا میں زیر بحث تھیں۔
سابق ٹینس کھلاڑی کا کہنا تھا کہ بطور کھلاڑی ساری دنیا کی نظریں آپ پر ہوتی ہیں خاص طور پر جب آپ شہرت کی بلندیوں پر ہوتے ہیں، کھلاڑی کے طور پر بعض اوقات ہم سانس لینا بھی بھول جاتے ہیں اور اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہیں کہ یہ بہت زیادہ ہے۔



