ثانیہ مرزا کا شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد زندگی کے کٹھن لمحات پر پہلی بار گفتگو

ممبئی (جانوڈاٹ پی کے) سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنے یوٹیوب شو "سرونگ اِٹ اپ ود ثانیہ” میں زندگی کے مشکل ترین مرحلے کے بارے میں کھل کر بات کی۔ شو میں بولی وڈ کی نامور فلم ساز فرح خان مہمان کے طور پر شریک تھیں۔
ثانیہ مرزا نے اپنے سابق شوہر شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد پیش آنے والے تکلیف دہ دور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماں بننا، کام کرنا اور پڑھائی کے ساتھ سب کچھ متوازن رکھنا اکثر انہیں تھکا دیتا ہے۔
گفتگو کے دوران فرح خان نے کہا کہ "سنگل والدہ ہونا شاید دنیا کا سب سے مشکل کام ہے، مگر ہمیں ہمیشہ وہ راستہ چننا چاہیے جو ہمارے لیے بہترین ہو۔”
ثانیہ نے ایک موقع یاد کرتے ہوئے بتایا کہ "ایک بار میں شدید تکلیف میں تھی، مگر فرح خان شو کے سیٹ پر آ گئیں۔ اگر وہ نہ آتیں تو میں اس دن لائیو شو نہیں کر پاتی۔”
فرح خان نے بھی ان لمحوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلی بار ثانیہ کو پینک اٹیک میں دیکھا، جس سے وہ بہت خوفزدہ ہوگئیں۔
واضح رہے کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے درمیان جنوری 2024 میں طلاق ہوئی تھی، جس کے بعد ثانیہ اپنے بیٹے اذہان کی پرورش اکیلے کر رہی ہیں۔



