مجھے پختہ یقین ہے صرف ٹرمپ ہی دنیا میں امن قائم کر سکتے ہیں، جاپانی وزیر اعظم

واشنگٹن (جانوڈاٹ پی کے)جاپانی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی کا کہنا ہے کہ مجھے پختہ یقین ہے صرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہی پوری دنیا میں امن قائم کر سکتے ہیں۔
امریکی صدر سے جاپانی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی نے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ کی امن کی کوششوں کو سراہا۔
سانائے تاکائیچی نے کہا کہ امریکی صدر واحد ہیں جو امن قائم کر سکتے ہیں، پوری دنیا سخت حفاظتی ماحول سے گزر رہی ہے جبکہ عالمی معیشت کو بڑے دھچکے کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے صرف ڈونلڈ ٹرمپ ہی پوری دنیا میں امن قائم کر سکتے ہیں، میرے دورے کا مقصد عالمی برادری کا براہ راست پیغام امریکی صدر تک پہنچانا تھا۔
اپنے بیان میں جاپانی وزیر اعطم نے یہ بھی کہا کہ خلیجی ممالک پر ایرانی حملوں اور آبنائے ہرمز کی بندش کی مذمت کرتے ہیں۔
اس دوران امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایرانی قیادت اب جا چکی ہے وہاں امریکی فوجی نہیں بھیج رہے، ایران اس وقت نئی قیادت کی تلاش میں ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز محفوظ بنانے کیلیے اقدامات کر رہے ہیں، آبی گزر گاہ دوبارہ کھولنے کیلیے جاپان سے تعاون پر بات کرنے جا رہے ہیں کیونکہ نیٹو اتحاد امریکا کی مدد کرنے میں ناکام رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران نے قطر پر دوبارہ حملہ کیا تو دنیا کی سب سے بڑی گیس فیلڈ کو بڑے پیمانے پر تباہ کر دیں گے، ایران کے خلاف فوجی آپریشن وقت سے پہلے آگے بڑھ رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم جب چاہیں جزیرہ خارگ پر قبضہ کر سکتے ہیں۔



