تحصیل سجاول جونیجو کے گاؤں سائين رکھیو بروہی میں گلے کی تکلیف سے 3بچے جاں بحق

لاڑکانہ(رپورٹ:احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)ضلع قمبر شہدادکوٹ کی تحصیل سجاول جونیجو کے گاؤں سائين رکھیو بروہی میں گذشتہ 10 روز کے اندر گلے کی تکلیف سے 3 بچے جانبحق ہوگئے ہیں. جاں بحق بچوں میں 11 سالہ انیتا، 12 سالہ سلمان اور 16 سالہ عظمی بروہی شامل ہیں جبکہ جاں بحق بچوں کے مزید 10 رشتہ دار بچے گلے کی تکلیف کے باعث لاڑکانہ اور گمبٹ اسپتالوں میں منتقل کئے جا چکے ہیں جہاں وہ زیر علاج ہیں. بچوں کے ورثاء کے مطابق اچانک بخار میں مبتلا بچے گلے کی تکلیف سے دوچار ہوجاتے ہیں. انہوں نے محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹرز کی ٹیمیں بجھوائی جائیں. ادھر ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر گلزار تنیو نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ متاثرہ گاؤں کے 5 سال سے کم بچوں کو خناق سے محفوظ رکھنے کے لئے ویکسین کرائی جا رہی ہے البتہ جاں بحق بچے کس مرض میں مبتلا تھے اس کی تصدیق کرنے کے لئے بیمار بچوں کے گلے کے نمونے لیکر ٹیسٹ کرائے جائیں گے جس کے لئے ڈاکٹرز کے ٹیمیں مریض بچوں کی جانب روانہ کی جائیں گی. دوسری جانب بچوں کی اموات سے علاقے بھر میں سخت تشویش پھیل گئی ہے.

مزید خبریں

Back to top button