سجاول میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف شہریوں کا احتجاج

سجاول(جانوڈاٹ پی کے)سجاول میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف شہریوں کا احتجاج، دھرنے کے بعد ٹریفک معطل کردی۔
سجاول میں پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ برانچ موری مین روڈ پر مظاہرین نے دھرنا دے کر مرکزی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا، جس کے باعث نظام زندگی شدید متاثر ہوا۔ مظاہرین کی جانب سے سڑک بلاک کیے جانے کے باعث کراچی، ٹھٹھہ، بدین اور مٹھی جانے والی ٹریفک معطل ہو کر رہ گئی، جبکہ مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا احتجاج کے دوران شہریوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا۔ “مہنگائی نے جینا مشکل کر دیا ہے، پیٹرول مہنگا ہونے سے روزگار اور سفری اخراجات میں بے تحاشہ اضافہ ہو گیا ہے، حکومت فوری ریلیف دے۔” مظاہرین کا کہنا تھا کہ بڑھتی مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ دوسری جانب صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر سجاول محمد کمیل احتجاجی مقام پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کیے۔ انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد مین روڈ کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا اور آمدورفت بحال ہو گئی مذاکرات کی یقین دہانی کے بعد وقتی طور پر احتجاج تو ختم ہو گیا،تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر مہنگائی میں کمی نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔



