سرگودھا اسلام نے حقوق و فرائض کا تعین کر رکھا ہے۔ تمام انسان رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر یکساں حیثیت رکھتے ہیں، مفتی جہانگیر حیدر

سرگودھا(جانوڈاٹ پی کے) ممتاز عالم دین مفتی جہانگیر حیدر نے کہا ہے کہ اسلام نے حقوق و فرائض کا تعین کر رکھا ہے۔ تمام انسان رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر یکساں حیثیت رکھتے ہیں۔ عمل صالح کرنے والے ہمارے لیے محترم ہیں۔ عالمی یوم حقوق انسانی کا تقاضا ہے کہ احترام انسانیت کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ اِن خیالات کا اظہار انھوں نے ریڈیو پاکستان سرگودھا کے پروگرام دانش کدہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم، ملک آفتاب اعوان، ابو ہریرہ اور نعمان شفیق نے بھی گفتگو میں حصہ لیا۔ مفتی جہانگیر بدر نے مزید کہا کہ نبی پاکﷺ نے جو نظام عدل قائم کیا آج اس کی ضرورت ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے جیو اور جینے دو کی حکمت عملی اپنا کر دنیا میں امن قائم کرنا چاہیے ۔اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ تمام ممالک کے ساتھ یکساں سلوک کرے ۔ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا تعلیم ،صحت اور امن ہر انسان کی ضرورت ہے۔ اِن امور کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ہم سب کو اپنا فرض ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانے کے لیے ہمارا ایک دوسرے کے ساتھ دست تعاون دراز کرنا ضروری ہے۔ ہینڈل فاو¿نڈیشن کے چیئرمین ملک آفتاب اعوان نے کہا فکر اور شعور کے ذریعے ہم مثبت سرگرمیاں اجاگر کر سکتے ہیں۔ عالمی یوم حقوق انسانی کا تقاضہ ہے کہ ہم اپنے گھر کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائیں ۔والدین کا احترام، پڑوسیوں کا احترام، اساتذہ کرام کا احترام اور قوانین کی پابندی کر کے اس دن کے تقاضے پورے کیے جا سکتے ہیں۔ ممتاز نعت خوان ابو ہریرہ نے تاجدار ختم نبوت محمد مصطفی ﷺ
کی بارگاہ میں گل ہائے نعت نچھاور کیے۔یہ پروگرام محترمہ فریحہ کنول نے پیش کیا نعمان شفیق پروگرام انجینئر تھے۔



