انسانی حقوق کے عالمی دن پر بھی ایم کیو ایم لسانی سیاست سے باز نہیں آئی، ترجمان سندھ حکومت

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید  نے کہا ہے کہ سندھی کلچر ڈے پُرامن رہا، حالات مکمل طور پر کنٹرول میں تھے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردِعمل میں سعدیہ جاوید کا کہنا تھاکہ آج انسانی حقوق کے عالمی دن پر بھی ایم کیو ایم لسانی سیاست سے باز نہیں آئی، متحدہ کا اصل مسئلہ صبح گیارہ بجے والی پریس کانفرنس کا سلاٹ ہے، متحدہ والے بغیر کسی ایشو کے بھی میڈیا پر آنا چاہتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق سندھی کلچرل ڈے پُرامن رہا اور تمام حالات مکمل طور پر کنٹرول میں تھے،  قانون توڑنے والوں کو روکا اور شرپسند عناصر کو گرفتار کیا، ایف آئی آر کے بعد معاملہ عدالت میں جاتا ہےاور قانونی کارروائی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند شرپسند عناصر کی وجہ سے پوری کمیونٹی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا، کراچی سمیت پورے سندھ میں کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔

سعدیہ جاوید کا کہنا تھاکہ عدالت کی جانب سے رہائی کا معاملہ فاضل عدالت کا اختیار ہے، ایم کیو ایم شاید ماضی کو بھول گئی، 12 مئی کے واقعات سب کےسامنےہیں،اس روزجو ہواوہ بھی سب جانتےہیں، علی خورشیدی کی پریس کانفرنس کی زبان اپوزیشن لیڈرکی نہیں یونٹ کارکن کی لگتی ہے، ’سب سے پہلے پاکستان‘اس نعرے کی سب سے بڑی وکیل اور دعوے دار پیپلزپارٹی ہے۔

خیال رہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کا سندھی کلچر ڈے پر کراچی میں شاہراہ فیصل پر ہونے والی ریلی میں ہنگامہ آرائی پر سندھ ہائی کورٹ سے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور  کہاکہ گورنر سندھ کے خلاف غلیظ زبان استعمال کی گئی جو ملزمان عدالت میں پیش ہوئے عدالت خود ان کا مقدمہ لڑ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت کہتی ہے معصوم لوگوں کی ریلی تھی، عدالت میں مقدمہ چلنے سے پہلے ہی دم توڑ گیا، کیا عدالت کسی دہشت گردی کے واقعے کے انتظار میں تھی، سندھ ہائی کورٹ واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کرے، ذیلی عدالت کے رویے پر اعلیٰ عدالت نوٹس لے۔

مزید خبریں

Back to top button