وینزویلا کے تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم امریکی اکاؤنٹس میں جمع ہوگی، وائٹ ہاؤس

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)وائٹ ہاؤس نے وینزویلا کی ناکہ بندی سے فرار ہونے والے روسی آئل ٹینکر پر امریکی قبضے کے بعد واضح کیا ہے کہ جہاز کے عملے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے کہا کہ امریکا وینزویلا پر عائد پابندیوں پر سختی سے عمل کرائے گا اور وینزویلا کے تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم امریکی اکاؤنٹس میں جمع ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا وینزویلا کے عبوری حکام اور امریکی تیل کی صنعت کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ آئل ورکرز کے تحفظ کے لیے ضرورت پڑنے پر صدر ٹرمپ امریکی فوج کے استعمال کا اختیار رکھتے ہیں، جبکہ وینزویلا میں انتخابات سے متعلق بات چیت کو فی الحال قبل از وقت قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب روس نے امریکی کارروائی کو بحری قزاقی قرار دیتے ہوئے اسے بین الاقوامی سمندری قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔



