روس اور چین کا دفاعی اتحاد مزید مضبوط، ایران اور وینزویلا پر مشترکہ حکمت عملی کا فیصلہ

ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روس اور چین کی قیادت نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دیتے ہوئے ایران اور وینزویلا سے متعلق مشترکہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک دفاعی اتحاد کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی وزیر دفاع آندرے بیلوسوف اور چینی وزیر دفاع ڈونگ جون کے درمیان ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ ہوا، جس میں عالمی سکیورٹی کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

روسی وزیر دفاع آندرے بیلوسوف نے اس موقع پر کہا کہ روس اور چین کو عالمی سکیورٹی صورتحال کا مسلسل اور مشترکہ تجزیہ کرتے رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی ماحول میں تیز رفتار تبدیلیوں کے پیش نظر مربوط اور مؤثر جوابی اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔

بیلوسوف نے اس بات پر زور دیا کہ مستقل فوجی تعاون، مشترکہ مشقیں اور تجربات کا تبادلہ دونوں ممالک کے لیے انتہائی اہم ہے، تاکہ ممکنہ خطرات کا بروقت اور مؤثر جواب دیا جا سکے۔

دوسری جانب چینی وزیر دفاع ڈونگ جون نے روسی ہم منصب کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ چین اور روس کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہنگامی اور غیر معمولی حالات میں مشترکہ ردعمل اور قریبی ہم آہنگی پر بھی زور دیا۔

ماہرین کے مطابق روس اور چین کے درمیان بڑھتا ہوا دفاعی تعاون عالمی طاقتوں کے توازن اور جغرافیائی سیاسی منظرنامے پر گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button