قانون کا احترام معاشرتی امن اور ترقی کی ضمانت ہے،فراست اللہ آفریدی

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) قانون کا احترام کرنے والے معاشرے ہی محفوظ، نظم و ضبط والے اور ترقی یافتہ ہوتے ہیں، قوانین پر عمل درآمد سے معاشرتی امن اور انصاف کو فروغ ملتا ہے، ہر فرد اپنے حقوق کا تحفظ محسوس کرتا ہے، اور اجتماعی ذمہ داری کا احساس بڑھتا ہے ان خیالات کا اظہار اے ایس پی سرکل وزیرآباد فراست اللہ آفریدی نے صحافیوں افتخار احمد بٹ،میاں شہباز احمد اور سید ضمیر کاظمی سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوے کیا انہوں نے کہا کہ وزیرآباد میں تعیناتی کے دوران میری کوشش ہو گی کہ سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروں اور انصاف کی فراہمی کے لیے اپنا فرض منصبی اور شرعی ذمہ داری ادا کروں انہوں نے کہا کہ قوانین کی پاسداری معاشرتی نظم و ضبط کو برقرار رکھتی ہے اور ایک محفوظ ماحول فراہم کرتی ہے، جہاں شہری اپنے حقوق کا احترام اور تحفظ محسوس کرتے ہیں۔دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں خوشحالی کی بڑی وجہ قانون کا احترام ہے، کیونکہ قوانین پر عمل درآمد سے معاشرے کی ترقی ممکن ہوتی ہے۔ قانون کی پیروی کرنا ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت ہے، کیونکہ یہ نہ صرف آپ کی ذاتی حفاظت یقینی بناتا ہے بلکہ دوسروں کی حفاظت کو بھی اہمیت دیتا ہے۔جب لوگ اپنے فرائض کو سمجھتے ہیں تو معاشرے میں امن و سکون کی فضا قائم ہوتی ہے۔



