بھارتی کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان روہت شرما کو شٹ اپ کال دیدی،ویرات کو بھی خطرہ
ویراہت کوہلی کا کیریئر بھی خطرے میں پڑگیا

ممبئی(سپورٹس ڈیسک)بھارتی کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان روہت شرما کو شٹ اپ کال دے دی۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے روہت شرما کو اپنی توجہ بیان بازی سے ہٹاکر فٹنس اورپرفارمنس پر مرکوز کرنے کا مشورہ دے دیا۔
بھارت کی جانب سے ون ڈے میں تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے اوپننگ بیٹر کے آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ ماہ کھیلی گئی سیریز سے قبل ان کے مستقبل کے حوالے سے سوالیہ نشان اٹھ رہے تھے۔
روہت شرما نے آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں ناصرف ایک سنچری اور ایک ففٹی اسکور کی بلکہ 6 بار کی چیمپئن ٹیم کے خلاف سیریز میں سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی بھی رہے۔
اب روہت شرما جنوبی افریقا کے خلاف 30 نومبر سے شروع ہونے والی تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔بی سی سی آئی کی جانب سے روہت شرما کو کہا گیا ہے کہ اپنے مستقبل کے حوالے سے ہونے والی چہ مگوئیوں پر تبصرے کے بجائے اپنی فٹنس اور پرفارمنس پر توجہ مرکوز رکھیں۔بی سی سی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ روہت شرما سے ان کے قدرتی جارحانہ کھیل کی توقع کرتا ہے جو کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں نہیں دیکھا گیا تھا۔
یہ بات درست ہے کہ آسٹریلیا میں کنڈیشنز مشکل تھیں لیکن دیکھا گیا کہ روہت شرما رسک لینے سے کتراتے رہے،روہت اور کوہلی سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ دونوں اپنی بیٹنگ سے دیگر نوجوانوں بیٹرز کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔
بھارتی میڈیا پر یہ خبریں بھی زیر گردش ہیں کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے بعد بی سی سی آئی ٹیم میں روہت شرمااور ویرات کوہلی کی شمولیت کے حوالے سے فیصلے کے لیے سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ مشاورت کرے گا۔
اس حوالے سے ذرائع بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ روہت شرما اور ویرات کوہلی جیسے بڑے ناموں کے حوالے سے پوزیشن واضح ہونا ضروری ہے کہ ان سے کیا توقعات ہیں اور موجودہ ٹیم مینجمنٹ ان کے کردار کو کس طرح سے دیکھتی ہے، ایسے کھلاڑی بے یقینی کی صورتحال کے ساتھ نہیں کھیل سکتے۔



