خلا میں آزادانہ تیرتے ’آوارہ‘ سیارے کی دریافت

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سائنس دانوں نے ایک ایسے نایاب اور پُراسرار سیارے کی نشان دہی کی ہے جو کسی ستاروی نظام سے وابستہ نہیں اور اپنے بل بوتے پر خلا میں آزادانہ تیر رہا ہے، جسے ماہرین فلکیات کی اصطلاح میں ’’آوارہ سیارہ‘‘ (Rogue Planet) کہا جاتا ہے۔

عام طور پر کائنات میں دریافت ہونے والے سیارے کسی نہ کسی ستاروی نظام کا حصہ ہوتے ہیں، جیسا کہ زمین اور دیگر سیارے سورج کے گرد گردش کرتے ہیں، تاہم کچھ سیارے ایسے بھی ہوتے ہیں جو کسی ستارے کے گرد گردش نہیں کرتے اور مکمل طور پر آزاد حالت میں خلا میں موجود ہوتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ آوارہ سیارے کم روشن ہونے کے باعث دیگر سیاروں کے مقابلے میں زیادہ پُراسرار سمجھے جاتے ہیں، کیونکہ سیاروں کی شناخت کا ایک اہم طریقہ یہ ہوتا ہے کہ انہیں اپنے ستارے کے سامنے سے گزرتے ہوئے دیکھا جائے، جبکہ ستارے کے بغیر موجود سیاروں کا مشاہدہ انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔

سائنس دانوں نے اس چیلنج پر قابو پانے کے لیے مائیکرو-لینسنگ ایونٹ نامی تکنیک استعمال کی، جس کے تحت سیارہ اپنے پیچھے موجود کسی دور دراز ستارے کی روشنی کو وقتی طور پر بڑھا دیتا ہے، اور اسی روشنی میں اضافے کے ذریعے اس آوارہ سیارے کی موجودگی کا سراغ لگایا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دریافت سے کائنات میں موجود ایسے آزاد سیاروں کی تعداد اور ان کی تشکیل کے حوالے سے نئی معلومات حاصل ہونے میں مدد ملے گی۔

مزید خبریں

Back to top button