’بدنام اور دھمکیاں دی جارہی ہیں‘، رجب بٹ کی ساس نے خاموشی توڑ دی

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ ان دنوں خاندانی تنازعات اور اپنی شادی کے حوالے سے خبروں کی زد میں ہیں۔ حالیہ دنوں میں ان کی اہلیہ ایمان رجب کا مبینہ وائس نوٹ سوشل میڈیا پر لیک ہوا، اور رجب بٹ نے اپنے سالے شیخ عون پر بھی سخت تنقید کی۔
اس کے بعد رجب بٹ کی ساس لبنیٰ جبین نے خاموشی توڑتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے کہا کہ پچھلے چند روز میں خاندان کے بعض افراد، خاص طور پر ان کی بیٹی اور بیٹے کو جان بوجھ کر بدنام کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں۔ ان کوششوں میں حقائق کو مروڑ کر پیش کرنا، جھوٹے الزامات پھیلانا اور نامعلوم ذرائع سے دھمکیاں دینا شامل ہیں۔
لبنیٰ جبین نے مزید کہا کہ حقیقت اس سے بالکل مختلف ہے جو عوام کے سامنے پیش کی جا رہی ہے، اور وہ حقائق کو سامنے لانے کا حق محفوظ رکھتی ہیں، جس کا اظہار مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
رجب بٹ نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ وہ اپنی شادی کے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال میں ہیں اور یہ فیصلہ صرف اللہ کے حکم سے ہوگا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اپنی بہن کے شوہر، اس کے خاندان اور دوستوں کے بارے میں جھوٹی معلومات پھیلانا اور ہمدردی کا کارڈ کھیلنا اخلاقیات کے دائرے میں آتا ہے یا نہیں۔
اس دوران ایمان رجب کا مبینہ وائس نوٹ وائرل ہوا، جس میں وہ روتے ہوئے اپنی ساس کے ساتھ بات کرتے ہوئے اپنے بیٹے کیوان کا ذکر وی لاگز میں نہ کرنے کی درخواست کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا:
"اللہ نے جس طرح مجھے کیوان دیا ہے وہ میں ہی جانتی ہوں۔ نہ میرے ساتھ ظلم کریں اور نہ میرے بچے کے ساتھ، اور آئندہ ‘کیوان’ کا نام وی لاگ میں نہ آئے۔”
یہ سلسلہ سوشل میڈیا پر صارفین کی شدید دلچسپی کا سبب بنا ہوا ہے، اور رجب بٹ کے مداح و ناظرین دونوں جانب کی تازہ صورتحال پر نظریں مرکوز کیے ہوئے ہیں۔



