لاڑکانہ:رائس ملز کی کٹوتیوں کیخلاف اہم اجلاس

لاڑکانہ(رپورٹ:احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)قمبرشہدادکوٹ میں دھان کی فروخت کے دوران رائس ملز کے بیوپاریوں کی جانب سے بھاری کٹوتی کرنے کے خلاف اہم اجلاس ضلع کے منتخب نمائندوں رکن قومی اسمبلی خورشید احمد جونیجو، ارکان صوبائی اسمبلی میر نادر خان مگسی اور سردار خان چانڈیو کے زیر صدارت ڈپٹی کمشنر دفتر قمبر میں ہوا جس میں سندھ آبادگار بورڈ کے ضلعی صدر میر خالد کھوسو، واجد خان چانڈیو، میر اسحاق مغیری، سندھ ہاری آبادگار اتحاد کے مرکزی صدر محسن قاضی، حبیب اللہ جروار اور دیگر سمیت رائس ملرس ايسوسيئيشن کے رہنماؤں اسد تنیو، آصف لغاری، شاہد کمبوہ اور دیگر نے شرکت کی. اجلاس میں آبادگار رہنماؤں نے بیوپاریوں کی بھاری کٹوتی کو مکمل طور پر غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے ختم کرنے کا مطالبہ کیا. اجلاس میں بتایا گیا کہ تحصیل شہدادکوٹ میں 100 من دھان کی فروخت پر ڈیڑھ من دھان اور 1800 روپے نقدی کٹوتی کی جارہی ہے جبکہ یہ کٹوتی تحصیل قمبر میں دو من، تحصیل وارہ میں ڈھائی من تک کی جا رہی ہے. ادھر رائس ملز کے بیوپاریوں نے مؤقف اختیار کیا کہ سوکھی دھان پر کم جبکہ بھیگی دھان پر زیادہ کٹوتی کی جاتی ہے کیونکہ بھیگی دھان وزن زیادہ ظاہر کرتی ہے جس سے ہمیں نقصان اٹھانا پڑتا ہے. اس موقع پر منتخب نمائندوں نے مجموعی طور پر ڈھائی من کٹوتی کو کم کرکے 65 کلو تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا اور ضلع بھر میں یہ یکساں طور پر رائج ہوگی. اس فیصلے کو آبادگاروں اور رائس ملز کے بیوپاریوں نے مشترکہ طور پر اتفاق کیا. اجلاس میں ڈپٹی کمشنر امداد علی ابڑو سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے.

مزید خبریں

Back to top button