امریکا کا بڑا معاشی فیصلہ: پاکستان کے گیم چینجر ریکوڈک منصوبے کے لیے 1.3 ارب ڈالر قرض کی منظوری

واشنگٹن (جانوڈاٹ پی کے) امریکا نے پاکستان کے گیم چینجر ریکوڈک منصوبے کے لیے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے، جسے پاکستان کی معیشت اور معدنی شعبے کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ کی زیرِصدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں اہم معدنیات کی ترسیل کو محفوظ بنانے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں عالمی سپلائی چین کے نئے ذرائع تلاش کرنے، محفوظ اور قابلِ بھروسا ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس نیٹ ورکس کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اسی اجلاس کے دوران امریکا کی جانب سے پاکستان کے ریکوڈک منصوبے کے لیے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دی گئی، جو معدنی وسائل کے شعبے میں پاکستان کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ قرض امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے والٹ پروجیکٹ کے تحت فراہم کیا جائے گا، جبکہ فنڈنگ امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک (EXIM Bank) کے ذریعے دی جائے گی۔
ماہرین کے مطابق ریکوڈک منصوبے کے لیے امریکی مالی معاونت نہ صرف پاکستان کے معدنی شعبے کو مضبوط کرے گی بلکہ عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ کرے گی، جس سے ملکی معیشت کو طویل المدتی فوائد حاصل ہونے کی توقع ہے۔



