پاکستان کی بیٹنگ تباہ، جنوبی افریقہ نے دوسرا ٹیسٹ جیت لیا،ٹیسٹ سیریز 1-1سے برابر

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے)راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ مکمل ناکام، جنوبی افریقہ نے 66 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کر کے پاکستان کو چوتھے روز ہی 8وکٹوں سے شکست دیدی اور ٹیسٹ سیریز 1-1سے برابر کردی ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونیوالے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 49 اوورز میں صرف 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جنوبی افریقہ نے 66 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے میچ 8 وکٹوں سے جیت لیا۔
میچ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز 94 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی۔ بابر اعظم نے اپنی 30ویں ٹیسٹ نصف سنچری مکمل کی تاہم وہ ٹیم کو مشکلات سے نکالنے میں ناکام رہے اور 50 رنز (87 گیندوں پر) بنا کر سائمن ہارمر کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
بابر کے بعد محمد رضوان بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکے اور 18 رنز (64 گیندوں پر) بنانے کے بعد ہارمر کا پانچواں شکار بنے۔
جنوبی افریقہ کے اسپنرز نے پاکستانی بلے بازوں کو مکمل طور پر بےبس کر دیا۔ ہارمر نے نعمان علی کو صفر پر آؤٹ کیاجبکہ شاہین شاہ آفریدی رن آؤٹ ہوئے۔
سلمان علی آغا نے کچھ مزاحمت کی اور 28 رنز (42 گیندوں پر) بنائے تاہم کیشو مہاراج نے ان کی اننگز کا بھی خاتمہ کر دیا۔
ساجد خان نے 13 رنز (16 گیندوں پر) کی مختصر اننگز کھیلی لیکن وہ بھی مہاراج کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 138 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
جنوبی افریقہ کے اسپنر سائمن ہارمر نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 50 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں جب کہ کیشو مہاراج نے دو اور کگیسو ربادا نے ایک وکٹ لی۔
جوابی اننگز میں جنوبی افریقہ کے اوپنرز نے انتہائی پراعتماد آغاز کیا اور 2 وکٹوں کے نقصان پر 66 رنز کا ہدف پورا کر کے پاکستان کو چوتھے روز ہی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ دونوں وکٹیں نعمان علی نے حاصل کی۔
پاکستانی بولرز میں کوئی بھی کھلاڑی حریف بیٹرز کو متاثر نہ کر سکا جس کے بعد جنوبی افریقہ نے شاندار واپسی کرتے ہوئے سیریز برابر کردی۔



