بھارتی چوہے 5 من چرس کھا گئے

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں ایک غیرمعمولی واقعے میں عدالت نے منشیات سمگلنگ کے مقدمے میں مرکزی ملزم کو بری کر دیا، جب پولیس یہ ثابت کرنے میں ناکام رہی کہ ضبط کی گئی چرس کہاں گئی۔ پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ تقریباً 200 کلو گرام چرس گودام میں چوہے کھا گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مقدمہ ریاست جھارکھنڈ میں درج کیا گیا تھا، جہاں 2022 میں پولیس نے قومی شاہراہ پر ایک گاڑی کو روک کر اس سے بھاری مقدار میں چرس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ ٹرائل کے دوران استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ضبط شدہ منشیات، جس کی مالیت تقریباً 3 کروڑ پاکستانی روپے بتائی گئی، محفوظ گودام میں رکھی گئی تھی، تاہم بعد ازاں چوہوں نے اسے ضائع کر دیا۔
عدالت نے پولیس کے اس مؤقف کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شواہد کو محفوظ رکھنے میں سنگین غفلت برتی گئی، جس سے پورے مقدمے کی ساکھ مشکوک ہو گئی ہے۔ جج نے پولیس کے طریقۂ کار پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالتی فیصلے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور شواہد کے تحفظ سے متعلق سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔



