رتوڈیرو: ڈاکوؤں نے زیرِ تربیت پولیس اہلکاروں کی وین لوٹ لی

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)لاڑکانہ کے علاقے رتوڈیرو میں جرائم پیشہ عناصر نے قانون کے محافظوں کو ہی نشانہ بنا ڈالا۔ کندھکوٹ کشمور سے چھٹی مکمل کر کے پولیس ٹریننگ اسکول لاڑکانہ واپس آنے والے زیرِ تربیت پولیس اہلکاروں کی وین کو رتوڈیرو کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے روک لیا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکوؤں نے اہلکاروں سے موبائل فونز، نقد رقم اور دیگر ذاتی سامان لوٹ لیا جبکہ واردات کے بعد پولیس اہلکاروں کی وین بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

واردات کے خلاف زیرِ تربیت پولیس اہلکاروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ لوٹی گئی نقدی، سامان اور وین فوری طور پر واپس کی جائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب پولیس اہلکار خود محفوظ نہیں ہوں گے تو عام شہریوں کی حفاظت کیسے ممکن ہو سکتی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری اور مسروقہ سامان کی بازیابی کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

مزید خبریں

Back to top button