کنٹارا تنازع کے بعد رنویر سنگھ کیخلاف مذہبی جذبات مجروح کرنے کی شکایت درج

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)کنتارا میں رشب شیٹی کے کردار کی نقل کرنے پر معافی مانگنے کے ایک دن بعد ہی اداکار رنویر سنگھ دوسری مشکل میں پھنس گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پرشانت میتھل نامی بنگلورو کے وکیل نے اداکار رنویر سنگھ کے خلاف شکایت درج کروائی گئی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے مقدس روایت کی توہین کرکے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

سینئر پولیس افسر کا کہنا ہے کہ رنویر سنگھ کے خلاف ابھی تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے تاہم شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ رنویر نے گوا میں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا کی اختتامی تقریب کے دوران اسٹیج پر مقدس روایت کا مذاق اڑایا۔

شکایت میں کہا گیا ہے کہ میں یہ شکایت بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ کے غیر قانونی اور جارحانہ اقدامات کی طرف فوری توجہ دلانے کے لیے کر رہا ہوں، جس سے میرے مذہبی جذبات اور کروڑوں ہندوؤں بالخصوص کرناٹک کی تولو بولنے والی کمیونٹی کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔

گزشتہ روز رنویر سنگھ نے انسٹاگرام اسٹوریز پر لکھا تھا کہ ان کا مقصد صرف فلم میں رشب شیٹی کے کردار کی تعریف کرنا ہے اور ان کا ارادہ کسے کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا۔

واضح رہے کہ رنویر سنگھ فی الحال اپنی فلم دھرندر کی ریلیز کی تیاری کر رہے ہیں جو اس جمعہ کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

مزید خبریں

Back to top button