رنجی ٹرافی میں انوکھا آؤٹ:بھارتی بیٹر لامابام اجے سنگھ بال کو دو بار ہٹ کرنے پر آؤٹ قرار

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)کرکٹ میں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جب بھارت کے ڈومیسٹک کرکٹربیٹنگ کے دوران گیند کو 2 بار ہِٹ کرنے کی وجہ سے آؤٹ قرار دیے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منی پور کے بیٹر لامابام اجے سنگھ رنجی ٹرافی پلیٹ لیگ میں ایک نہایت ہی منفرد انداز میں آؤٹ ہوئے۔
یہ آؤٹ ‘بال کو 2 بار ہٹ’ کرنے کی وجہ سے دیا گیا جو کرکٹ میں بہت کم ہوتا ہے۔
ہوا کچھ یوں کہ منگل کو میگھالیہ کے خلاف میچ کے دوران لامابام نے بولر آریان بورا کی گیند پر دفاعی انداز میں اسٹروک کھیل کر گیند کو روکا لیکن گیند بیٹ سے لگتے ہوئے واپس اسٹمپس کی طرف جانے لگی۔ جس پر بیٹر نے اسٹمپس بچانے کے لیے گیند کو بیٹ سے دوبارہ ہٹ کیا۔
کرک انفو کے مطابق میدان میں موجود تماشائیوں کا کہنا تھا کہ گیند واقعی اسٹمپس کو لگنے والی تھی، اس لیے بیٹر کا دوسری بار گیند کو ہٹ کرنا بظاہر قانون کے مطابق جائز تھا لیکن امپائر نے بیٹر کو آؤٹ قرار دیا اور بیٹر سمیت کسی نے فیصلے پر اعتراض نہیں کیا۔
میدان میں موجود ایک آفیشل کے مطابق بیٹر گیند کو پیڈ سے بھی روک سکتا تھا، لیکن اس نے بیٹ استعمال کیا، مخالف ٹیم نے اپیل کی تو فوراً ہی امپائر دھرمیندر بھاردواج نے ’ہٹ دی بال ٹوائس‘ کے تحت آؤٹ قرار دیا۔
ایم سی سی قوانین کی شق 34.1.1 کے مطابق اگر گیند بیٹر کے جسم یا بیٹ کے کسی بھی حصے سے ٹکرائے، اور پھر فیلڈر کے گیند کو چھونے سے پہلے بیٹر جان بوجھ کر گیند کو دوسری بار بیٹ یا جسم کے کسی حصے سے (سوائے اس ہاتھ کے جو بلا نہ پکڑے ہو) مارے تو بیٹر ’ہٹ دی بال ٹوائس‘ پر آؤٹ قرار دیا جائے گا۔
البتہ، اگر بیٹر دوسری بار صرف اپنی وکٹ بچانے کے لیے گیند کو ہٹ کرتا ہے تو اسے آؤٹ نہیں دیا جائے گا۔
اس طرح کا آؤٹ رنجی ٹرافی میں اس سے پہلے 06 -2005 میں ہوا تھا، اور مجموعی طور پر صرف چند کھلاڑی ہی اس انداز میں آؤٹ ہوئے ہیں۔



